ممبئی، 25/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)این سی پی اور ایس پی کے صدر شرد پوار نے اتوار کو مہاراشٹر میں اپوزیشن اتحاد مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کی شکست کو تسلیم کر لیا۔ کراڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا، ’’ہم نے مہاراشٹر کے عوام کے فیصلے کو تسلیم کیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اجیت پوار کو زیادہ سیٹیں ملی ہیں، لیکن ساتھ ہی یہ بھی وضاحت کی کہ این سی پی کا بانی کون ہے، اور یہ حقیقت سب کے علم میں ہے۔
شرد پوار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کے انتخابی نتائج توقعات کے برعکس آئے ہیں۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں مثبت نتائج کے باوجود، اس بار ہمیں نتائج میں وہ کامیابی نہیں مل سکی جس کی ہم نے امید کی تھی۔ ان کے مطابق، اس شکست کے بعد ریاست میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اتر سکیں۔
انہوں نے کہا، ’’میں نے بارامتی میں اجیت پوار کے خلاف یوگیندر پوار کو اتاڑ کر کوئی غلطی نہیں کی تھی۔ یہاں سے کسی کو تو انتخاب لڑنا تھا۔ مہاراشٹر انتخاب کے نتائج توقع کے برخلاف آئے ہیں۔ حالیہ اختتام پذیر پارلیمانی انتخاب کے مثبت نتائج کے بعد ہم لوگ کافی پُر اعتماد تھے۔ اس انتخابی نتائج کے بعد ہمیں لگتا ہے ریاست میں ابھی اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہم شکست کی وجوہات کا جائزہ لیں گے اور عوام سے رابطہ کریں گے تاکہ یہ سمجھ سکیں کہ کہاں کمی رہ گئی۔ شرد پوار نے مہا یوتی کی کامیابی کو خواتین کے ووٹوں کی بڑی تعداد سے منسلک کیا اور انتخابی عمل میں پیسے کے استعمال کو غیر معمولی قرار دیا۔ انہوں نے یو پی کے وزیر اعلیٰ کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ پولرائزیشن چاہتے ہیں۔
شرد پوار نے اس بات پر زور دیا کہ ایم وی اے اتحاد میں کوئی تال میل کی کمی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مختلف اضلاع میں مشترکہ طور پر انتخابی مہم چلائی تھی، اور ہر پارٹی نے مل کر محنت کی تھی۔ ان کے مطابق، ہم نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے رائے لی تھی لیکن ہمیں یہ نہیں معلوم تھا کہ وہ رائے ووٹ میں تبدیل نہیں ہوگی۔